تارہ ترین

قومی اسمبلی کے اراکین نے حلف اٹھا لیا، تحریک انصاف کے اراکین کا شور شرابہ

0

اسلام آباد(ڈیلی مسافت آن لائن )قومی اسمبلی کے براہ راست منتخب ہونے والے تمام اراکین نے حلف اٹھا لیا ، اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے اراکین کا شور شرابہ جاری ہے جبکہ سپیکر مسلسل رول پر دستخط کیلئے خاموشی اور اطمینان کی گزارش کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔حلف برداری کی تقریب سے قبل تحریک انصاف کے اراکین نے اسمبلی میں شور شرابہ شروع کر دیا جس پر سپیکر نے تمام اراکین سے اپنی نشتوں پر جانے اور حلف اٹھانے کی ہدایت کی۔ حلف کے بعد راجہ پرویز اشرف نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے امیدواروں کو پہلے دستخط کرنے کیلئے بلایا ۔ تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے’ کون بچائے گا پاکستان، قیدی نمبر 804′ جبکہ ن لیگ کی جانب سے ‘ گھڑی چور’ کے نعرے لگائے جارہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں نوازشریف، بلاول بھٹو زرداری، شہبازشریف سمیت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مکمل قیادت موجود ہے جبکہ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف بھی مہمانوں کی لابی میں موجود ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی آمد پر ن لیگی رہنما عطاتارڑ کے ساتھ خوشگوار ماحول میں مصافحہ بھی کیا ۔تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور عمر ایوب بھی پارلیمنٹ میں موجود ہیں تاہم آمد کے موقع پر ،پی ٹی آئی اراکین نے عمران خان کی تصویر والے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور ایوان میں شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔پی ٹی آئی ارکین کی جانب سے ‘جعلی مینڈیٹ نامنظور ‘ کے نعرے لگائے جارہے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے راستوں پر سیکیورٹی انتہائی سخت کی گئی ہے۔ ریڈ زون میں داخلے کے لیے سرینا چوک، نادرا چوک اور ڈی چوک والے راستے بند ہیں جبکہ ریڈزون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ کا راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔ریڈزون جانے والے راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے، گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کے بعد ریڈزون میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.