تارہ ترین

لاہور : گاڑی کی ٹکر سے 6 اموات، تحقیقات میں نئے انکشافات سامنے آگئے

متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ پولیس تحقیقات میں ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہی، یہ روڈ حادثہ نہیں ، ٹارگٹ کلنگ تھی۔

0

لاہور:ڈیفنس فیز 7 میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان کی حادثے سے قبل جاں بحق افراد کیساتھ جھڑپ ہوئی تھی، افنان وائے بلاک سے گاڑی میں بیٹھی خواتین کا کافی دیر تک پیچھا کرتا رہا، متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے کئی بار گاڑی کی سپیڈ تیز کی کہ افنان پیچھا چھوڑ دے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم افنان نے گاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑا اور مسلسل خواتین کو ہراساں کرتا رہا، وائے بلاک نالہ پر متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے گاڑی روک کر افنان کو ڈانٹا، دوسری گاڑی سے حسنین کے والد نے بھی ملزم افنان کو سمجھایا کہ خواتین کو ہراساں مت کرو، اس دوران ملزم افنان دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا۔

نگراں پنجاب حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ ملزم افنان متاثرہ خاندان کو دھمکیاں دیتا رہا کہ میں دیکھتا ہوں تم لوگ ڈیفنس میں گاڑی اب کیسے چلاتے ہو۔

ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ حسنین اپنی بہن اور بیوی کو لے کر آگے نکلا تو ملزم نے دوبارہ پیچھا شروع کر دیا، میکڈونلڈ چوک پر گھوم کر ملزم افنان نے 160 کی سپیڈ سے گاڑی خواتین والی گاڑی سے ٹکرا دی، حادثے کے بعد حسنین کی گاڑی مین روڈ سے 70 فٹ دور جا گری اور سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حادثے کے بعد 4 افراد ملزم کو چھڑانے پہنچے لیکن لوگوں کا غصہ دیکھ کر بھاگ گئے، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آئی جی کو مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات لگانے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ پولیس تحقیقات میں ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہی، یہ روڈ حادثہ نہیں ، ٹارگٹ کلنگ تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.