عمران خان ؛جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہارا علاج میں کروں گا: رانا ثنا اللہ
ملتان: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان تم جیل بھرو تحریک شروع کرو تمہارا علاج میں کروں گا۔
ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ ہماری پارٹی الیکشن سے گھبرا رہی ہے، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں اور پنجاب میں کامیابی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ یہ ملک اس نہج پر کیوں پہنچا؟، 90 کی دہائی میں پاکستان کی معیشت سب سے آگے تھی، ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ بھی نوازشریف دور میں ہوا، سابق وزیر اعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمرانی ٹولے نے 2014 سے لانگ مارچ اور دھرنے دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، اب یہ کہہ رہا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع کریں گے، تم جیل بھرو تحریک شروع کرو تمہارا علاج میں کروں گا، جیل بھرو تحریک کے دوران تمہیں وہاں رکھیں گے جہاں ہمیں رکھا گیا تھا۔