وزیراعظم؛ آئی ایم ایف سے اسی مہینے معاہدہ ہوجائے گا۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے اسی مہینے معاہدہ ہوجائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مرگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد پر گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ زمانے میں آؤٹ سورسنگ ہی آگے بڑھنے کا طریقہ ہے، آج کی دنیا کا یہی ماڈل ہے، آج حکومتیں ادارے خود نہیں چلاتیں بلکہ انہیں آؤٹ سورس کرتی ہیں، دیکھ لیں کہ ملک میں اسٹیل ملز سمیت سرکاری اداروں و کمپنیوں کا کیا حال ہے، گرین لائن کا کیا حشر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، پاکستان اس دو راہے پر کھڑا ہے جہاں ہم ایک ایک پائی بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر کو دیکھ کر درآمدات کی ترجیحی فہرست بنائی ہے جن میں ادویات و خوراک سرفہرست ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاءاللہ آئی ایم ایف سے اسی مہینے معاہدہ ہوجائے گا اور مشکلات سے باہر نکل آئیں گے، یہ ایک مشکل وقت ہے، لیکن ہم ان مشکلات سے نکلیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی حکومت کا شکر گزار ہوں، ایم ایل ون کو تیزی سے آگے بڑھانے کےلیے چینی حکومت یکسو ہے، کاش پچھلے 4 سال میں یہ منصوبہ اور دیگر ادارے بے بنیاد الزام تراشی کا شکار نہ ہوتا، بات یہی تک رہتی تو معاملہ اتنا خراب نہ ہوتا، لیکن چینی کمپنیوں پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات سے چینی حکومت و عوام کو بہت تکلیف ہوئی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ حالیہ چین کے دورے میں چینی حکومت نے پرتپاک استقبال کیا، لیکن ابھی برف پگھل رہی ہے کیونکہ گزشتہ 4 سال میں تعلقات جتنے خراب ہوئے ہیں، ان کی بحالی آسان کام نہیں، دلوں کے رشتوں میں بال آجائے تو انہیں جوڑنا آسان کام نہیں، میں شکر گزار ہوں کہ ان مشکل حالات میں بھی چینی حکومت نے پاکستان کا ہاتھ تھاما ہوا ہے، لیکن ہمیں اب اس سفر کو بدلنا اور محنت کو شعار بنانا ہوگا، ایثار وقربانی سے کام لینا ہوگا، کب تک دوسروں کے سہارے پر چلیں گے۔